''عائشے کے موتی سفید نکلتے ہیں۔ سفید ہوتا ہے پاکیزگی، معصومیت، نیکی کی علامت۔ مگر میرا موتی سیاہ رنگ کا نکلا۔ بہت سے سفید موتیوں میں کسی ugly duckling کی طرح''
''واقعی، سیاہ تو برائی کا رنگ ہوتا ہے۔ جادو کی سب سے بری قسم سیاہ جادو کہلاتی ہے۔ گناہوں سے بھرا دل سیاہ ہوتا ہے، گناہگاروں کے چہرے سیاہ ہوں گے روز قیامت۔''
''اور تم نے اس سے یہ اخذ کیا کہ سیاہ رنگ ایک برا رنگ ہے؟ اونہوں۔''
''سیاہ وہ رنگ ہے جو دھنک کے سارے رنگ اپنے اندر جذب کر لیتا ہے۔ یہ ایک ڈارک رنگ ہے، اور ڈارک برے کو نہیں، ڈیپ (گہرے) کو کہتے ہیں۔ سارے رنگ اس میں مدفن ہیں اور وہ ان کو کسی راز کی طرح چھپائے رکھتا ہے۔ وہ جو گہرا ہوتا ہے، ہاں وہ سیاہ ہوتا ہے۔ ٹھیک ہے، سیاہ رات میں گناہ کیے جاتے ہیں، مگر بے ریا عبادت بھی رات کی سیاہی میں کی جاتی ہے۔ کالا جادو، کالا اسی لیے کہلاتا ہے کہ یہ سفید جادو سے گہرا ہوتا ہے۔ یہ گہرائی کا رنگ ہے۔ دیرپا ہونے کا رنگ۔ اسی لیے کعبہ کا غلاف سیاہ ہوتا ہے۔ آسمان کا رنگ بھی تو سیاہ ہے۔ بارش کے قطرے اپنے اندر سموئے بادل بھی تو کالے ہوتے ہیں، قرآن کے لفظ بھی تو عموماً سیاہ روشنائی مین لکھے جاتے ہیں، اور۔۔۔۔
اور تمہارا برقع بھی تو سیاہ ہے نا!''
Comment