جو لوگ اللہ کا نام تو لیتے ہیں مگر اس کے احکامات کو نظر انداز کرتے ہیں ان کا کیا انجام ہوگا؟ یہ سوچ کر ہی روح کانپ جاتی ہے ۔ ہمیں نام نہیں احکام پر دھیان دینا ہوگا۔
اس کے بعد ایک جگہ خدا نے یہ بھی ارشاد فرمایاہے جس کا عموماََ ترجمہ یہ ملتا ہے کہ تو میرا ذکر کر میں تیرا ذکر کروں گا ۔ میں ابھی اس آیت کی زیادہ تفصیل میں نہیں جاسکتا صرف اتنا ہی کہوں گا کہ یہاں یہ مطلب ہرگز نہیں کہ اگر بندہ اللہ اللہ کررہا ہے تو جواب میں اللہ بندہ بندہ کررہا ہے ۔ بلکہ جب بندہ خدا کے احکامات کو یاد رکھے گا تو خدا بھی اپنی نعمتوں کی عنایت میں اپنے بندے کو یاد رکھتا ہے ۔
تسبیح کے حوالے سے جاتے جاتے یہ بات بھی کہہ لینے دیجیے کہ خدا نے تقریباََ کائنات کی ہر چیز کے تسبیح کرنے کا فرمایا ہے ۔ چرند پرند ، ہوا ، سورج ، چاند ، ستارے ، پودے وغیرہ تو ان سب کی تسبیح کامطلب بھی یہ ہر گز نہیں ہے کہ ان کے گلوں میں منکے لٹک رہے ہیں اور وہ
اللہ ہو یا حق ہو کی گردان میں لگے ہوئے ہیں بلکہ جو ذمہ داری خدا کی طرف سے ان پر لاگو ہے یا جو فرائض اور طریقہ ارتقا ان کے لیے مخصوص کیا ہے وہ اسی کی جانب رواں دواں ہیں۔
نوٹ!دوستو ہر بار کی طرح میں یہی کہوں گا کہ میں نے آپ کے سامنے قرآن کی وہی تعلیم پیش کرنے کی کوشش کی ہے جو اس سے میں سمجھ سکا ہوں ۔ میں ایک انسان ہوں اور ایک انسانی کوشش کے حوالے میں کوئی بھی کاوش غلطی سے پاک نہیں ہوسکتی ۔ میری اس پوسٹ کی ہر درست بات خدا واحد کی مدد اور قرآن کی تعلیم ہے اور اس کی ہر غلطی میں اپنی کم علمی ۔آپ سے یہی گذارش ہے کہ اس پر غور فکر کے بعد ہی اس کا انکار یا اقرار کریں۔
آپ کی دعائوں کا طلب گا
بانیاز خان
Comment