نظم بھوکا بنگال کے چار بند
ندی نالے گلی ڈگر لاشوں کے انبار
جان کیا یسی مہنگی شے کا اُلٹ گیا بیوپار
مٹھی بھر چاول سے بڑھ کر سستا ہے یہ مال رے ساتھی سستا ہے یہ مال
بھوکا ہے بنگال رے ساتھی بھوکا ہے بنگال
کوٹھریوں میں گانجے بیٹھے بنئے سارا اناج
سندر ناری بھوک کی ماری بیچے گھر گھر لاج
چوپٹ نگری کون سنبھالے چاروں طرف بھونچال ہے ساتھی چاروں طرف بھونچال
بھوکا ہے بنگال رے ساتھی بھوکا ہے بنگال
پرکھوں نے گھر بار لٹایا چھوڑ کے سب کا ساتھ
مائیں روئیں بلک بلک کر بچے بھئے اناتھ
سدا سہاگن بدھوا باجے کھولے سر کے بال رے ساتھی کھولے سر کے بال
بھوکا ہے بنگال رے ساتھی بھوکا ہے بنگال
اتی پتی چبا چبا کر جوجھ رہا ہے دیس
موت نے کتنے گھونگھٹ مارے بدلے سو سو بھیس
کلا بگٹ پھیلاے رہا ہے بیماری کا جال رے ساتھی بیماری کا جال
بھوکا ہے بنگال رے ساتھی بھوکا ہے بنگال
وامق جونپوری
Comment