اسلام آباد کے قریبی گائوں میں کچھ عرصہ قبل ایک عیسائی لڑکی پر قرآن کے جلانے کا الزام لگا گیا تھا
توہین مذہب کے الزام میں گرفتار عیسائی لڑکی رمشا کے وکیل کا کہنا ہے کہ طبی معائنے سے ثابت ہوگیا ہے کہ ان کی موکلہ کی عمر چودہ سال ہے تاہم ان کی ذہنی عمر ان کی طبعی عمر سے کہیں کم ہے۔
پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد کے نواحی گاؤں سے تعلق رکھنے والی رمشا کو تقریباً دو ہفتے قبل مبینہ طور پر قرآنی آیات پر مبنی کاغذ جلانے پر توہینِ مذہب کے الزام میں حراست میں لیا گیا تھا اور انہیں راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں رکھا گیا ہے۔
پیر کو پولی کلینک ہسپتال کے جوائنٹ ایگزیکٹو ڈائریکٹر محمد زاہد کی سربراہی میں قائم کیے گئے چار رکنی بورڈ نے ملزمہ کا طبی معائنہ کرنے کے علاوہ اُس کے مختلف ٹیسٹ بھی کیے تھے۔
رمشا کے وکیل طاہر نوید چوہدری نے بی بی سی کو بتایا کہ طبی معائنے اور تجزیوں کے بعد ڈاکٹر اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ رمشا نہ صرف نابالغ بچی ہے بلکہ اس کی ذہنی عمر اس کی اصل عمر سے کم ہے۔
ادھر اسلام آباد کی مقامی عدالت نے رمشا کی ضمانت کی درخواست کی سماعت تیس اگست تک کے لیے ملتوی کر دی ہے۔
منگل کو ہونے والی سماعت کے دوران عدالت نے ملزمہ کے وکیل سے استفسار کیا کہ اُنہوں نے اس درخواست میں اپنی موکلہ کی کمسنی کا ذکر کیا ہے اور اُنہیں کمسن بچوں کے لیے بنائے گئے عدالتی عمل سے گُزارنا چاہیے لیکن اُنہوں نے اس ضمن میں کوئی درخواست دائر نہیں کی۔
ملزمہ کے وکیل نے اس ضمن میں ایک درخواست بھی عدالت میں جمع کروا دی ہے جس کی سماعت تیس اگست کو ہوگی۔ ملزمہ کے وکیل کا کہنا ہے کہ انہیں امید ہے کہ آئندہ سماعت پر رمشا کو رہا کر دیا جائے گا۔
خیال رہے کہ پاکستان کی وزارت داخلہ نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی پولیس سے کہا ہے کہ وہ قرآنی قاعدہ جلانے کے مقدمے میں گرفتار ہونے والی عیسائی لڑکی رمشا کی ضمانت کی درخواست کی مخالفت کریں۔
وزارت داخلہ کے ایک اہلکار نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بی بی سی کو بتایا تھا کہ انٹیلیجنس بیورو اور اسلام آباد پولیس کے ادارے سپیشل برانچ کی جانب سے بھیجی جانے والی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ رمشا کی ضمانت ہونے کی صورت میں اُس کی اور اُس کے اہلخانہ کی زندگیوں کو شدید خطرات لاحق ہوں گے۔
اہلکار کے مطابق رپورٹ میں اس بات کی بھی نشاندہی کی گئی ہے کہ رمشا جیل میں زیادہ محفوظ ہے اس لیے جب تک یہ معاملہ مکمل طور پر حل نہیں ہوجاتا اور لوگوں کے جذبات ٹھنڈے نہیں پڑتے اُس وقت تک ملزمہ کو جیل میں ہی رکھا جائے۔
دریں اثناء پاکستانی علماء اور مشائخ کے نمائندہ گروپ آل پاکستان علماء کونسل نے ملزمہ مسیحی لڑکی کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ معاملہ پاکستان کے لیے ایک ’ٹیسٹ کیس‘ ہے اور اس میں کسی قسم کی ناانصافی نہیں ہونی چاہیے۔
کونسل کے سربراہ طاہر اشرفی نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں ’جنگل کا قانون حاوی ہوتا جا رہا ہے اور کسی پر بھی کوئی بھی الزام لگا دیا جاتا ہے۔ اگر اس(رمشا) پر غلط الزام لگایا گیا ہے تو الزام لگانے والوں کو حراست میں لے کر سزا دی جانی چاہیے‘۔
انہوں نے کہا ’میڈیکل رپورٹ یہ کہہ رہی ہے کہ کہیں نہ کہیں تو زیادتی ہوئی ہے۔ ہم کہتے ہیں کہ عدالت بغیر کسی خوف کے، بغیر کسی دباؤ کے عدالت فیصلہ کرے۔‘
انہوں نے مزید کہا ’اگر یہ بچی بے گناہ ہے اور یہ کام چند شرپسند عناصر نے اپنے مذموم مقاصد کے لیے کیا ہے تو پھر ہم پوری پاکستانی قوم سے یہ کہیں گے کہ اس پر کھڑی ہو جائے تاکہ یہاں کوئی شخص توہینِ رسالت کے قانون کو، توہینِ قرآن کے قانون کو، مقدسات کے احترام کی قانون کو اپنے مذموم مقاصد کے لیے استعمال نہ کر سکے۔‘
اسلام آباد سے ہمارے نامہ نگار شہزاد ملک نے بتایا کہ میڈیکل بورڈ نے رمشا کی عمر اور زہنی حالت سے متعلق رپورٹ اسلام آباد پولیس اور اڈیالہ جیل کی انتظامیہ کے حوالے کر دی ہے جسے اس مقدمے کی سماعت کرنے والی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
اڈیالہ جیل کے اہلکار نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بی بی سی کو بتایا کہ اس رپورٹ میں اس بات کی نشاندہی کی گئی ہے کہ رمشا کی ذہنی حالت اُس کی عمر سے دو سے تین سال تک کم ہے۔
یہ رپورٹ پولی کلینک کے میڈیکل بورڈ کی جانب سے سفارشات مرتب کرنے کے بعد تیار کی گئی ہے۔ پولی کلینک کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ڈاکٹر شوکت کیانی کے مطابق منگل کے روز یہ رپورٹ اڈیالہ جیل اور دیگر متعلقہ حکام کے حوالے کی گئی ہے۔
رمشا کیس میں نیا موڑ آگیا، مدعی مولوی عدالت میں پیش ، فیصلہ محفو
اسلام آباد،کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) توہین قرآن کیس میں نیا موڑ آگیاہے اور مبینہ طور پر شواہد تبدیل کرنے والے امام مسجد خالدجدون کو پولیس نے حراست میں لے کر ڈیوٹی مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کردیاجہاں سے پولیس نے ملزم کو جیل بھیجنے اور رمشا کے وکیل نے الگ ایف آئی آر کے اندراج کا مطالبہ کردیاجس پر عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیاہے جو کچھ دیر میں سنائے جانے کا امکان ہے جبکہ شواہد تبدیل کرنے کی اطلاعات کے بعد چیئرمین آل پاکستان کونسل علامہ طاہر اشرفی نے ملزم کو سخت سزادینے اور مبینہ ملزمہ رمشا مسیح کی حفاظت یقینی بنانے کا مطالبہ کردیا۔ کم عمر مسیحی لڑکی رمشا پر مقدس اوراق جلانے کا الزام ہے تاہم واقعے کے عینی شاہد حافظ زبیر نے اپنے بیان میں انکشاف کیاکہ امام مسجد نے بعض جلائے گئے اوراق میں قرآنی اوراق جان بوجھ کر شامل کئے جس کے بعد کیس کو ایک نیا رخ مل گیا اور کیس کے بعد لاپتہ ہونے والے امام مسجد خالد جدون چشتی کو گرفتار کرلیا اور چھٹی کے باعث اسلام آبادمیں ڈیوٹی مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کردیاگیاجہاں سے پولیس نے ملزم کو جیل بھجوانے کی سفارش کردی ۔ چیئرمین آل پاکستان علماءکونسل علامہ طاہر اشرفی نے ملک بھر کے علماءسے اس معاملے میں ملوث امام مسجد خالد جدون کو سزا دلانے کا مطالبہ کیا ہے جبکہ اُنہوں نے صدر پاکستان آصف علی زرداری سے بھی مطالبہ کیا کہ رمشا مسیح کی فوری رہائی کے ساتھ اسکی حفاظت کے بھی احکامات جاری کئے جائیں۔اُنہوں نے چیف جسٹس سے کیس کا از خود نوٹس لینے کا مطالبہ بھی کیا۔
Comment