سلام کرتے ہوئے گھر میں داخل ہونے کی تاکید اور فضائل
حضرت انس رضی اللہ تعالیٰ عنہٗ فرماتے ہیں کہ مجھ سے رسول پاک ﷺ نے فرمایا: اے انس! گھرمیں داخل ہو تو گھر والوں کو سلام کرو۔ گھر کی بھلائی میں اضافہ ہوگا۔ (ترمذی جلد۲ صفحہ ۹۹)۔ سعید بن مسیب کی روایت میں ہے کہ حضرت انس رضی اللہ تعالیٰ عنہٗ نے فرمایا کہ مجھ سے رسول پاک ﷺ نے فرمایا: اے میرے بیٹے جب تم اپنے گھرمیں داخل ہو تو سلام کرو۔ یہ تمہارے اور تمہارے گھر والوں کیلئے باعث برکت ہے۔ (ترمذی جلد۲ صفحہ ۹۹)۔ حضرت قتادہ رضی اللہ تعالیٰ عنہٗ سے مروی ہے کہ آپ ﷺ نے فرمایا جب تم گھر میں داخل ہو تو سلام کرو اور جب گھر سے نکلو تو سلام کے ساتھ نکلو۔ (مشکوٰۃ صفحہ ۳۹۹) سلام سے شیطان گھر میں داخل نہ ہوگا: حضرت جابر رضی اللہ تعالیٰ عنہٗ سے مروی ہے کہ آپ ﷺ نے فرمایا: جب تم اپنے گھروں میں داخل ہو تو اہل خانہ کو سلام کرو۔ جب تم سلام کروگے تو شیطان تمہارے گھر میں داخل نہ ہوگا۔ (مکارم الخرائطی صفحہ ۸۱۶) فائدہ: کتنی بڑی فضیلت ہے کہ سلام کی برکت سے شیطان کے ضرر سے گھر محفوظ ہوجاتا ہے۔ آج عموماً گھروں میں شیطانی اثرات کی شکایت ہے۔ یہ اس کا حل ہے۔ اس میں حفاظت بھی ‘برکت بھی ہے۔گھرمیں سلام کرتے ہوئے جانے سے خدا کی حفاظت: حضرت ابوامامہ البابلی رضی اللہ تعالیٰ عنہٗ فرماتے ہیں کہ تین شخص خدا کی حفاظت اور ضمان میں ہوتے ہیں(اس میں ایک شخص وہ ہے) جو گھر میں داخل ہوتا ہے تو سلام کرکے داخل ہوتا ہے۔ تو یہ بھی خدا کی حفاظت میں ہوجاتا ہے۔ (مختصراً) (ابوداؤد جلد۱ صفحہ ۳۷۶، حاکم جلد۲ صفحہ ۷۳) فائدہ: سلام کی برکت سے جو دعاء حفظ وعافیت ہے گھر کے مکارہ اور پریشانیوں سے خدا کی حفاظت میں آجاتا ہے۔آپﷺ جب گھر میں داخل ہوتے تو اہل خانہ کو سلام فرماتے۔ آپ ﷺ گھر میں داخل ہوتے تو کبھی کھانے کے متعلق سوال کرتے ہوئے فرماتے کچھ کھانے کو ہے۔ کبھی ایسا ہوتا کہ آپ ﷺخاموش رہتے یہاں تک کہ آپ ﷺکے سامنے آسانی سے جو میسر ہوتا پیش کردیا جاتا۔ (زادالمعاد)
Comment