تری نگاہ سے ذرے بھی مہر وماہ بنے
گدائے بے سروساماں جہان* پناہ بنے
رہ مدینہ میں*قدسی بھی ہیں جبیں فرسا
یہ آرزو ہے مری جاں بھی خاکِ راہ بنے
زمانہ وجد کناں اب بھی ان کے طواف میں ہے
جو کوہ و دشت کبھی تیری جلوہ گاہ بنے
حضور ہی کے کرم نے مجھے تسلی دی
حضور ہی مرے غم میں مری پناہ بنے
ترا غریب بھی شایانِ یک نوازش ہو
ترا فقیر بھی اک روز کجکلاہ بنے
جہاں جہاں سے وہ گذرے جہاں جہاں ٹھہرے
وہی مقام محبت کی جلوہ گاہ بنے
کریم! یہ بھی تری شانِ دلنوازی ہے
کہ ہجر میں مرے جذبات اشک و آہ بنے
وہ حسن دے جو تری طلعتوں کا مظہر ہو
وہ نور دے جو فروغِ دل و نگاہ بنے
از حافظ مظہر الدین مظہر
Comment