ایسا کیوں ہوا
لوکانہ
زمین پر انسانی زندگی کا آغاز اسی وقت ہو جاتا ہے، جب سپرم یوٹرس میں کامیابی سے اپنا ٹھکانہ بنا لیتا ہے۔ ادھر اس کا بسیرا ہوتا ہے، ادھر ماں کا آرام سکون اور چین ختم ہو جاتا ہے۔ ماں کے کھائے پیئے پر وہ نشونما پاتا ہے۔ یہ سلسلہ ڈیلوری تک چلتا ہے۔ ادھر بچہ جنم لیتا ہے، ادھر خالق ماں کے دل میں محبتوں کا سمندر بہا دیتا ہے۔ پیدائش کے بعد بھی بچہ راتوں کی نیند اور دن کا چین چھین لیا ہے۔
آغاز سے بڑا ہونے تک، انسان اپنے قابل نہیں ہوتا۔ وہ ماں کے رحم و کرم، جو اللہ نے اسے دان کیا ہوتا ہے، پر ہوتا ہے۔ انسان ناصرف خالی ہاتھ آتا ہے، بل کہ ہر حوالہ سے مجبور اور بےبس ہوتا ہے۔ بڑا ہو جانے کے بعد، وہ خود سے کھانے اور کمانے کے قابل ہوتا ہے۔ جب خود پر ہو جاتا ہے، تو اپنی سابقہ حیات کو یکسر بھول جاتا ہے۔ ماں کی محبتیں، شفقتیں اور مشقتیں اسے یاد تک نہیں رہتیں، جسے وہ شروع سے خودکفیل رہا ہو۔
یہاں ایک شخص نے بڑا کمایا، یہ بات الگ سے کہ وہ کمائی کس نوعیت کی تھی۔ اس کی ماں ضعیف ہو چکی تھی۔ گھر کا ملازم اپنی بیٹی کی شادی کرنے لگا، تو اس نے اس بوڑھی خاتون سے مدد کی اپیل کی۔ اس نے اسے اپنے بیٹے کے پاس بھیج دیا۔ بیٹے نے صاف جواب دے دیا، وہ مایوس ہو کر دوبارہ سے اس عورت کے پاس آیا۔ وہ بوڑھی خاتون خود سے چل کر، اپنے بیٹے کے پاس آئی اور ملازم کی مدد کے لیے بڑے پیار اور امید بھرے لہجے سے کہا۔
اس کے بیٹے نے بڑے غصے سے ماں کی طرف دیکھتے ہوئے کہا: مائی تم خود تو ادھر لیٹی رہتی ہو، تمہیں کیا معلوم، کمائی کے لیے کیا کیا جتن کرنا پڑتے ہیں۔ یہ کہہ کر، اس نے کچھ رقم بڑے قہر سے، بوڑھی ماں کی طرف پھینک دی۔
دے بھی دیا، لیکن اپنے طور و انداز سے غارت کر دیا۔ ایسا کیوں ہوا، اس نے اسے خاوند کی دو نمبر کی کمائی سے پالا پوسا تھا۔ دوسرا بچے کی تربیت بھی ٹھیک سے نہ کی تھی۔ حالاں کہ وہ خاوند کو حلال کی کمائی کمانے پر مجبور کر سکتی تھی۔ اسی طرح بچے کی تربیت پر بھی توجہ دے سکتی تھی۔ جائز حلال نہ کھانے اور ٹھیک سے تربیت نہ ہونے کے سبب، اس شخص کا دیا، جب کہ اس عورت کی پیدائش سے پہلے اور پیدائش کے بعد کی مشقت، کھوہ کھاتے میں پڑ گئی۔
Comment