’’کیا ہم لڑکیاں ٹوٹل فیلیئر ہیں الله تعالیٰ؟‘‘ سلام پھیر کے وہ دو زانو بیٹھی ‘ دعا کے لئے ہاتھ اٹھائے گم صم سی پوچھ رہی تھی۔’’کیا ہم لڑکیاں واقعی اتنی بے بس اور لا چار اور بے چاری ہوتی ہیں؟ کیا عزت کے نام پہ کوئی بھی ہمیں بلیک میل کر سکتا ہے؟ کیا ہماری غلطیوں کی کہانیوں کے ’’مرد ‘‘ کرداروں کے ہاتھوں میں ہماری عزت ہوتی ہے یا آپ کے ہاتھ میں؟ کیا آپ کی مرضی کے بغیر کوئی بھی کسی کو بے عزت اور ذلیل و رسوا کر سکتا ہے ؟ مجھے بتائیے الله تعالیٰ ۔ آپ کہتے ہیں نا کہ اگر الله تمہارے دلو ں میں خیر معلوم کرے گا تو تمہیں اس سے بہتر دے گا جو تم سے لیا گیا ہے اور تمہیں بخش دے گا(سورۃ الانفال: 70) تو اگر میرے اندر کوئی خیر ہے تو کیا میری عزت مجھے واپس مل سکتی ہے؟ کیا دنیا والوں کی نظر میں میرا پردہ رہ سکتا ہے کہ وہ توواقف ہی نہیں ہیں‘ اور میرے گھر والے جو واقف ہیں‘ ان کی نظر میں پھر سے معتبر ہو سکتی ہوں میں؟‘‘
Naml_Novel
Comment