موسمِ گرما کی حدت سے بچاﺅ کیسے ممکن ہے
گرمیوں میں چہرے کی جلد کی شادابی برقرار رکھنے کے لیے کچھ زیادہ مشقت نہیں کرنا پڑتی، کچھ عادات کو اپنی زندگی کا مستقل حصہ بنا کر ہم اپنے مطلوبہ نتائج حاصل کر سکتے ہیں۔ زمانۂ قدیم سے مشرق(برِصغیر) میں دھوپ کی تمازت، الٹراوائلٹ شعاعوں سے بچنے کے لیے گھریلو نسخوں کا استعمال کیا جاتا ہے۔ چند آزمودہ نسخے زیر نظرِ سطور دیے جا رہے ہیں۔ ان گھریلو نسخوں کے استعمال سے ہم اپنی چہرے کی جِلد اور جسم کے ایسے حصے جو سورج کی براہِ راست شعاعوں کا شکار ہو تے ہیں۔ انہیں دھوپ کے منفی اثرات سے بچا سکتے ہیں
۔
ہمیں روزانہ اوسطاً 10 سے 12 گلاس پانی پینے کی عادت ڈالنی چاہیے۔ پانی پینے کی مقدار کے حوالے سے پوری دنیا میں عموماً ایک کلیہ استعمال کیا جاتا ہے۔ اس میں انسان کو اوسطاً اپنے وزن سے آدھے پاﺅنڈ کے نمبرکے برابر، اونس کی مقدار میں پانی پینا چاہیے
۔
جتنی بار ممکن ہوسکے چہرے کو ٹھنڈے پانی سے دھوئیں یا چھینٹے لگائیں۔ چھینٹے لگانے سے چہرے کے مساموں میں رُکے مردہ خلیے دُھل جاتے ہیں اور جلد کی دوسری تہہ سے تازہ خلیے چہرے کے اوپر کی سطح پر آ کر چہرے کی حفاظت کرتے ہیں۔ اس عمل سے چہرے کا رنگ بھی متاثر ہونے سے بچ جاتا ہے
۔
دھوپ میں نکلنے سے قبل اور بوقتِ ضرورت عرقِ گلاب کو چہرے پر چھڑک لیں۔ یہ قدرتی آکسیڈینٹ کا کام کرتا ہے اور چہرے کا پانی ختم ہونے سے بچاتا ہے۔ خواتین بیگ میں اور مرد حضرات اپنے دفتر کی میز میں عرقِ گلاب شاور رکھ سکتے ہیں۔ یہ اب بہ آسانی مارکیٹ میں دستیاب ہے۔ عرقِ گلاب کو قدرتی سن بلاک بھی کہا جاتا ہے۔
گرمیوں میں کھیرے، تربوز، خربوزہ اور ایسے تمام پھل جو قدرتی پانی رکھتے ہیں ان کا استعمال بڑھا دیں۔ یہ بھی قدرتی آکسیڈینٹ کا کام کرتے ہیں، ان میں پائے جانے والے قدرتی عناصر چہرے کی جلد کو تر و تازہ رکھنے میں مدد دیتے ہیں۔ پھلوں کے جوس پینے سے زیادہ، کھانے کا فائدہ زیادہ ہے۔ سبز پتوں کی کچی سبزیاں، سلاد کی آئیٹمز کو کھانے کے معمول میں شامل کریں
۔
کیِنو، سنگترہ، مالٹا، لیموں، چکوترہ، خربوزہ ان سب کے یا ان میں سے کسی ایک کے چھلکے خشک کر کے پیس لیں اور گرمیوں میں چہرہ دھونے کے لیے استعمال کریں۔ یہ چھلکے زیادہ سفوف کی حالت تک نہیں پِسے جا سکتے اس لیے یہ اسکرب کے طور پر جلد کی ایکسفولیشن کرنے میں بہترین مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ یہ اسکن برن کی صورت میں چہرے کے مردہ خلیوں کو صاف کر کے چہرے کا رنگ بھی نکھار دیتے ہیں۔(آپ اسکن کے اعتبار سے ہلدی بھی اسکرب میں شامل کر کے اسے قدرتی اُبٹن کے طور پر استعمال کرسکتے ہیں
۔)
اسکن برن (دھوپ کی تمازت سے جھلی چہرے کی جلد) کو ختم کرنے کے لیے اپنا معمو ل بنائیں کہ دھوپ میں سفر کرنے کے بعد گھر آ کر ٹھنڈے پانی سے منہ صاف کریں اور برف سے چہرے کا مساج کریں۔ اس کے لیے برف کی ٹکڑیاں یا اس کو باریک کوٹ کر ململ کے کپڑے میں باندھ کر چہرے پر ملیں۔ یہ عمل جتنی بار ممکن ہو دہرائیں۔ دھوپ کی تمازت سے خراب رنگ اپنی اصلی حالت میں واپس آجائے گا
۔
پپیتا بھی دھوپ سے جلی اسکن یا رنگت نکھارنے کے کام آتا ہے، اسکے بیج خشک کرکے کھانے، یا پھل کھانے سے رنگت صاف، تروتازہ اور جلد چمک دار ہوتی ہے
۔
ٹماٹر کے قتلے یا ٹماٹر کا جوس چہرے پر ملنے سے اسکن برن کے اثرات مکمل طور پر ختم ہو جاتے ہیں بلکہ باقاعدگی سے استعمال کرنے سے جلد کی رنگت بھی نکھرتی ہے۔ جس طرح سردیوں میں گاجر کا جوس ہماری جلد کی شادابی اور نکھار کے لیے اہم ہوتا ہے ایسے ہی گرمیوں میں ٹماٹر کا جوس فائدہ مند ہوتا ہے۔ ٹماٹر کا جوس بنانے کے لیے ٹماٹر، لیموں اور کرش برف کو بلینڈ کر لیں، اس میں حسبِ ذائقہ چینی، کالی مرچ اور نمک ڈالا جا سکتا ہے۔ (گردے کے مریض یا دیگر مریض اپنے ڈاکٹر سے مشورہ کر کے اسے استعمال کر سکتے ہیں
۔)
اپنی خوراک میں وٹامن اے بی سی ڈی اور ای کو ضرور شامل کریں تاکہ چہرے کی جلد کی حفاظت ممکن ہو سکے۔ خصوصی طور پر وٹامن اے ہماری جلد کو جھریوں اور بڑھاپے کے اثرات سے بچاتی ہے
۔
گرمیوں میں باقاعدگی سے سوئمنگ کو ترک کر دینا چاہیے۔ کیونکہ روز دھوپ کی تمازت کی وجہ سے جلد کی ڈی۔ ہائیڈریشن ہو رہی ہوتی ہے اور ایسے میں پانی کے تالاب میں زیادہ وقت گذارنے سے جلد بہت زیادہ خشکی کا شکار ہو سکتی ہے۔ لیکن کچھ لوگ گرمیوں میں سوئمنگ کے بغیر زندہ نہیں رہ سکتے، ان کوچاہیے کہ وہ سوئمنگ پول میں اترنے سے قبل موئسچرائزر (جس میں آکسیڈینٹس زیادہ ہو) کی موٹی تہہ سے اپنی جلد کو چھُپا لیں۔
دھوپ میں نکلتے وقت چہرے کو ٹوپی، چھتری یا کپڑے سے ڈھانپ لیں۔ اس سے چہرہ براہِ راست سورج کی شعاعوں کا شکار نہیں ہوگا۔ کوشش کریں کہ گرمیوں میں، دھوپ سے بچنے کے لیے ہلکے رنگوں کے کپڑوں کا انتخاب کریں۔ ہو سکے تو اپنی جلد کے لحاظ سے موئسچرائزر یا سن بلاک کا استعمال کریں، یا قدرتی سن بلاک عرقِ گلاب کا استعمال اپنا معمول بنا لیں۔
Comment