انسان خواہ مرد ہو یا عورت' اس کی ہمیشہ خواہش رہتی ہے کہ وہ حسین و خوبصورت نظر آئے اور عمر کے ہر دور میں اپنی خوبصورتی برقرار رکھنے کیلئے مختلف کاسمیٹک اشیائ' ہربل میڈیسن' عرقیات' جڑی بوٹیاں اور گھریلو ٹوٹکوں کا استعمال کرتارہے۔ ہماری جلد کی سطح کے نیچے وسیع تعداد میں خلیے موجود ہوتے ہیں جو تین یا چار ہفتوں میں جھڑ جاتے ہیں اور ان کی جگہ نئے خلیے بن جاتے ہیں لیکن عمر میں اضافے کے ساتھ ساتھ مُردہ خلیوں کے جھڑنے کا عمل کمزور پڑ جاتا ہے ۔چہرے پر نمی اور چکنائی کے فقدان سے جھریاں نمایاں ہو جاتی ہیں اور چہرے پر مہاسے نمودار ہوتے ہیں۔ اگرچہ چہرے کو خوبصورت بنانے میں میک اپ یا کاسمیٹکس اشیاء اہم کردار اد اکرتی ہیں لیکن ہربل اور گھریلو نسخوں سے بھی صحت بخش اثرات حاصل کئے جا سکتے ہیں۔ جیسے اُبٹن کا باقاعدہ استعمال مردہ خلیوں کو دور کرتا ہے اور جھریوں میں نمایاں کمی لاتا ہے۔ اسے جلد پر لگانے سے رنگ و روپ میں نکھار پیدا ہوتا ہے۔ چہرے کی جلد کے مسام Light کرنے اور خون کے بہائو کو تیز کرنے کا کام بھی کرتا ہے۔ دوسرے الفاظ میں یہ جلد کیلئے ایک بہترین ٹانک تصوّرکیا جاتا ہے۔
ہمارے ہاں اُبٹن کا زیادہ تر استعمال شادی بیاہ کے موقع پر کیا جاتا ہے۔ اس مضمون میں ہم گھریلو اشیاء سے تیار کئے جانے والے اُبٹن کا ذکر کریں گے جو باآسانی آپ کی پہنچ میں ہوتے ہیں اور ان کے استعمال سے چند ہی دنوں میں آپ کی جلد نرم و ملائم اور تروتازہ محسوس ہونے لگے گی۔
چاول سے تیار کردہ اُبٹن:
آدھا کپ دودھ میں 4 چمچ چاول' بھگوئیں تقریباً 20 منٹ کے بعد ان چاولوں کو پیس لیں اب اس مسکچر میں ایک چمچ زیتون کا تیل شامل کر کے یہ پیسٹ گردن اور چہرے پر لگائیں آپ کے چہرے کی جھریاں غائب ہو جائیں گی اور گردن کا سیاہ پن بھی دور ہو جائے گا۔
میسور کی دال کا اُبٹن:
آدھا کپ دودھ میں 3 چمچ میسور کی دال اور ایک بادام ڈال کر رات بھر بھگو کے رکھیں۔ صبح انہیں پیس کر چہرے گردن' ہاتھوں اور پائوں پر لگائیں ۔یہ چہرے کے داغ دھبے دور کرنے اور تازگی کیلئے مفید ہے۔
جو کا اُبٹن:
4 چمچ جو کے آٹے میں لسّی سے پینٹ بنا کر چہرے' ہاتھوں پائوں اور گردن پر باقاعدہ لگانے سے جلد صاف ستھری اور نکھری محسوس ہوتی۔
شہد اور بادام کا اُبٹن:
چہرے کو نرم و ملائم اور خوبصورت بنانے کیلئے رات بھر 5 بادام دودھ میں بھگو کر رکھیں ۔صبح ان باداموں کے چھلکے اتار کر پیس لیں ۔باداموں کے سفوف میں ایک چمچ شہد اور ایک چمچ ملک پائوڈر شامل کر کے پیسٹ بنا لیں اور چہرے پر لگائیں۔ ہفتے میں کم از کم دو مرتبہ اس اُبٹن کا استعمال کریں۔
دالوں کا اُبٹن:
2 چمچ چنے کی دال اور 2 چمچ مونگ کی دال کو آدھا گھنٹے تک پانی میں بھگوئے رکھنے کے بعد انہیں پیس لیں۔ اس مکسچر میں آدھا چمچ ہلدی' بادام' روغن کے چند قطرے مکس کر کے ہاتھوں اور چہرے پر لگانے سے نکھار پیداہوگا۔
ان کے علاوہ سرسوں' گلاب کی پتیوں' نیم اور صندل وغیرہ کے اُبٹن بھی چہرے کی جلد پر اچھے اثرات ظاہر ہوتے ہیں۔
کسی بھی قسم کااُبٹن چہرے پر لگانے سے پہلے اچھی طرح منہ صاف کر لیں۔ پھر ملائی یا مکھن سے چہرے کی مالش کریں اور بھاپ لیں تاکہ مسام اچھی طرح کھل جائیں اور اس کے بعد اُبٹن لگائیں۔ اُبٹن لگاتے وقت بات چیت یا کوئی اور کام نہ کریں اور بعد میں دھوپ میں بالکل نہ جائیں۔ اُبٹن اتارنے کے بعد چہرے کو ٹھنڈے اور تازہ پانی سے دھو لیں۔ صابن وغیرہ استعمال نہ کریں۔ ہفتے میں کم ازکم ایک مرتبہ اُبٹن ضرور استعمال کریں۔
__________________
Comment