السلام علیکم ورحمتہ اللہ وبرکاتہ
ڈھاکا: ایشیا کپ میں پاک بھارت ٹاکرے کے لئے میدان جنگ سج گیا،پلیئرز نے بھی آستینیں چڑھا لیں،اتوار کو میرپور میں روایتی حریفوں کے درمیان گھمسان کا رن پڑے گا۔
ڈھاکا: ایشیا کپ میں پاک بھارت ٹاکرے کے لئے میدان جنگ سج گیا،پلیئرز نے بھی آستینیں چڑھا لیں،اتوار کو میرپور میں روایتی حریفوں کے درمیان گھمسان کا رن پڑے گا۔
سری لنکا کے ڈسے دونوں ممالک کے لئے مقابلہ تقریباً سیمی فائنل بن چکا، گرین شرٹس پڑوسی سے سابقہ حساب چکتا کرنے کے لئے پُرعزم ہیں، افغان سائیڈ کو پچھاڑنے والی سائیڈ ہی برقرار رکھنے جانے کا امکان ہے، ہائی وولٹیج میچ میں صلاحیتوں کا جلوہ دکھانے کے لئے تمام پلیئرز بے تاب نظر آتے ہیں، عمرگل کی فٹنس پر خدشات پیدا ہونے لگے، کوچ معین خان نے پیسر کی ہیمسٹرنگ انجری کو معمولی قرار دیتے ہوئے میدان میں اتارنے کا عندیہ دے دیا،ادھر بیٹنگ کنسلٹنٹ ظہیر عباس نے بیٹسمینوں کو وکٹیں طشتری میں رکھ کر پیش کرنے سے باز رہنے کی ہدایت دی ہے، انھوں نے کہاکہ یہ مقابلہ دراصل پاکستانی بولرز اور بھارتی بیٹسمینوں کے درمیان ہوگا۔ دوسری جانب بھارت بھی بہادری دکھانے کے لئے بے چین ہے، اسٹورٹ بنی کی جگہ ورون ارون کی واپسی ہوسکتی ہے، کپتان ویرت کوہلی کو میچ میں اوپنر روہت شرما سے امیدیں وابستہ ہیں، وہ خود اور شیکھر دھون بھی پاکستانی بولنگ اٹیک کی آزمائش کے لئے موجود ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق ایشیا کپ میں اب تک پاکستان اور بھارت کو سری لنکا کے ہاتھوں شکست سے دوچار ہونا پڑا۔گرین شرٹس 12 رنز اور بھارتی سورما2 وکٹوں سے مات کھا بیٹھے، دونوں مقابلوں میں ان ٹیموں کے اپنے کھلاڑیوں کی غلطیاں ہی ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوئیں،2بڑے حریفوں کے خلاف کامیابی کی بدولت آئی لینڈرز فائنل کھیلنے کے مضبوط امیدوار دکھائی دے رہے ہیں،چھوٹی ٹیموں افغانستان اور بنگلہ دیش کیخلاف کامیابی حاصل کرنیوالے پاکستان اور بھارت کے لئے یہ مقابلہ تقریباً سیمی فائنل بن چکا۔ ابتدائی 2 میچز میں پاکستانی بیٹسمین ابتدا میں بہتر دکھائی دیے مگر پھر تقریباً سب نے ہی لاپرواہی سے وکٹیں ضائع کیں،افغانستان سے میچ میں مصباح الحق مضحکہ خیز انداز میں رن آئوٹ ہوئے، بعد میں انھوں نے کہا تھا کہ بیٹسمینوں کی جانب سے ایک ہی جیسی غلطیاں بارباردہرانہ درست نہیں ہے، اس موقع پر انھوں نے بھارت سے میچ میں بھی بیٹنگ آرڈر برقرار رکھنے کا عندیہ دیا تھا، ابھی تک کی کمزور کڑی صہیب مقصود دکھائی دے رہے ہیں جو کپتان کو گذشتہ میچ میں رن آؤٹ کرنے کی وجہ بنے تھے، اگر کوئی تبدیلی ہوئی تو باہر بیٹھے فواد عالم کو موقع مل سکتا ہے۔سابق ٹیسٹ کرکٹر اور بیٹنگ کنسلٹنٹ ظہیر عباس کا کہنا ہے کہ ہمارا مسئلہ یہ ہے کہ حریف سائیڈ کے اچھے بولرز بھی ہماری وکٹیں نہیں لے سکتے، مگر ہم اوسط درجے کے بولرز کے سامنے لاپرواہی سے وکٹیں گنوا دیتے ہیں، سب سے زیادہ اہمیت پورے 50 اوورز کھیلنے کی ہے، بیٹسمینوں کو لاپرواہی سے باز رہنا ہوگا، انھوں نے کہا کہ بھارتی بیٹنگ لائن کافی مضبوط ہے، یہ دراصل پاکستانی بولنگ اور بھارتی بیٹنگ کے درمیان مقابلہ ہے۔ پاکستان کے لیے سب سے تشویش کی بات فاسٹ بولر عمرگل کی فٹنس ہے، وہ ہیمسٹرنگ انجری میں مبتلا ہوچکے جس کی وجہ سے گذشتہ روز ٹریننگ سیشن میں بھی حصہ نہیں لیا اور ہلکی پھلکی ایکسرسائز کرتے دکھائی دیے، ان کے بارے میں کوچ معین خان نے کہاکہ تکلیف معمولی نوعیت کی ہے، عمرگل بھارت سے مقابلے کے لئے میدان میں اتریں گے۔ دوسری جانب بھارت میرپور کی وکٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے اسٹورٹ بنی کو باہر بٹھا کر دوبارہ ورون ارون کو کھلاسکتا ہے، آئوٹ آف فارم اوپنر روہت شرما کو قائمقام کپتان ویرت کوہلی کی حمایت حاصل ہے ،پاکستان اور بھارت ایشیا کپ میں آخری مرتبہ میرپور میں 2012 میں مدمقابل آئے تھے۔
Comment