ورلڈ ٹی20 : پاکستان مسلسل چوتھی مرتبہ سیمی فائنل کھیلنے والا ملک بن گیا
کولمبو … پاکستان آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں چوتھی مرتبہ مسلسل کوالیفائی کرنے والا واحد ملک بن گیا جبکہ دو ورلڈ کپ جیتنے والی بھارت اور انگلینڈ کی ٹیمیں سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی تک نہ کر سکیں اور ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئیں۔ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر ایٹ مرحلہ میں پاکستان کی جانب سے آسٹریلیا کو زبردست شکست دینے اور بھارت کی جانب سے جنوبی افریقہ کو 122 رنز تک محدود رکھنے میں ناکامی کے بعد بہتر رن ریٹ کی بناء پر پاکستان سیمی فائنل میں پہنچ گیاتاہم پہلا اور تیسرا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فاتح بھارت اور انگلینڈ سیمی فائنل میں کوالیفائی نہ کر سکے اور وہ ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے جبکہ پاکستان وہ واحد ملک ہے جو مسلسل چوتھی مرتبہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں کوالیفائی کر رہا ہے۔ 2007 میں پہلے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کو فائنل میچ میں بھارت کے ہاتھوں شکست ہوئی جبکہ 2009میں پاکستان نے سری لنکا کو شکست دیکر ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ جیتا جبکہ تیسرا ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ مئی 2010میں کھیلا گیا جس میں انگلینڈ نے آسٹریلیاکو شکست دیکر فائنل جیتنے کا تاج اپنے سر پر سجایا تھا جبکہ اب چوتھا ورلڈ کپ کھیلا جارہاہے جس سلسلے میں فاتح ٹیم کافیصلہ چند دنوں بعد ہوگا ۔
Comment