دبئی: پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرا ٹی 20 آج ہوگا
دبئی … پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹی 20 سیریز کا دوسرا میچ آج کھیلا جائے گا، پاکستان کو سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے اور سیریز جیتنے کیلئے صرف ایک فتح درکار ہے۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹی 20 سیریز کا دوسرا میچ آج دبئی کے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، ایک صفر کی برتری ”سمجھو نفسیاتی برتری“ پاکستان کے پاس سیریز جیتنے کا سنہری موقع۔ فتح کے جھنڈے گاڑنے اور حریف کو پچھاڑنے کیلئے پاکستان بلند مورال اور ان فارم ٹیم کے ساتھ میدان میں اترے گا۔ ٹیم کو ضرورت ہوگی اسی ٹیم ورک کی، اسی گیم پلان کی، جس نے پہلا ٹی 20 میچ جتایا، جس نے کینگروز کو مار بھگایا۔ ایک بار پھر آسٹریلوی بیٹسمین اسپنرز کے جال میں پھنس گئے اور پیسرز سے ڈر گئے تو پاکستان کا راستہ روکنا مشکل ہوگا۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات 9 بجے شروع ہوگا۔ پاکستان ٹیم کا انتخاب ان کھلاڑیوں سے کیا جائے گا۔ محمد حفیظ (کپتان)، عبدالرزاق، اسد شفیق، عمران نذیر، کامران اکمل، محمد سمیع، ناصر جمشید، رضا حسن، سعید اجمل، شعیب ملک، سہیل تنویر، عمر اکمل، عمر گل اور یاسر عرفات۔
Comment