مرلی دھرن اور مینڈس کا توڑ فاسٹ وکٹیں، پاکستان ٹیسٹ میں کامیابی کیلئے ون ڈے سیریز کا ناکام فارمولا آزمائیگا
کراچی (عبدالماجد بھٹی/اسٹاف رپورٹر) سری لنکا کے ہاتھوں و ن ڈے انٹرنیشنل سیریز دو ایک سے ہارنے کے بعد شعیب ملک کو قیادت سے ہاتھ دھونا پڑا۔ سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں یونس خان کے سرپر قیادت کا تاج سجاکر انہیں اہم ترین ذمے داری سونپی گئی ہے۔ یونس خان ماضی میں مرلی دھرن کی بولنگ کا اعتماد کے ساتھ مقابلہ کرچکے ہیں۔ انہوں نے مرلی اورمینڈس کے اسپن بولنگ سحر کو توڑنے کے لئے ہارڈ اور باؤنسی وکٹ تیار کرائی ہے۔ پاکستان نے ون ڈے سیریز کے لئے بھی یہی فارمولا آزمایا تھا لیکن اسے ناکامی ہوئی تھی۔ پیر کو سری لنکا کے کپتان مہیلا جے وردھنے نے نائب کپتان سنگاکارا اورعالمی ریکارڈ ہولڈر اسپنر مرلی دھرن کے ہمراہ نیشنل اسٹیڈیم کی وکٹ کا معائنہ کیا توا نہیں وکٹ پر گھاس دیکھ کر حیرت ہوئی۔ تینوں نے کیوریٹر سے برجستہ سوال کیا کہ کیا گھاس رہے گا۔ کیوریٹر نے کوئی مناسب جواب نہ دیا۔ کیوں کہ وکٹ پر گھاس رکھنے کا یا نہ رکھنے کا فیصلہ کپتان یونس خان اورکوچ انتخاب عالم کریں گے۔ پاکستان ٹیم جمعرات اورجمعے کو نیشنل اسٹیڈیم میں پریکٹس کرے گی لیکن ٹیم انتظامیہ اور پی سی بی کے تھنک ٹینک کے درمیان یہی طے پایا ہے کہ مرلی دھرن اور مینڈس کی بولنگ کو کنٹرول کرنے کے لئے ہارڈ، باؤنسی اور گھاس والی وکٹ تیار کی جائے۔ پاکستان نے ون ڈے سیریز کے دوران بھی اسی حکمت عملی کو اپنایا تھا۔ پہلے ون ڈے میں پاکستان نے 8وکٹ سے کامیابی حاصل کی تھی۔ مرلی دھرن نے 10 اوورز میں 42رنز دے کر ایک وکٹ لی تھی۔ مینڈس کے سات اوورز میں 41رنز بنے تھے۔ البتہ دوسرے میچ میں سری لنکا نے 129 رنز سے کامیابی حاصل کی۔ دونوں اسپنرز نے 3-3وکٹیں حاصل کیں۔ ذرائع کے مطابق پی سی بی کے چیف کیوریٹر آغا زاہد نے وکٹ کی تیاری کا کام سنبھال لیاہے۔ ابھی تک وکٹ پر گھاس موجود ہے۔ نیشنل اسٹیڈیم کی وکٹ عام طور پر فاسٹ بولروں کے لئے سازگارہوتی ہے۔ اس سال قائد اعظم ٹرافی کے میچوں میں فاسٹ بولر چھائے رہے اور 4روزہ میچوں کا فیصلہ تین ساڑھے تین دن میں ہوگیا۔ پاکستان اورسری لنکا کے درمیان اس گراؤنڈ پر چار ٹیسٹ ہوئے ہیں چاروں میں پاکستان ٹیم فاتح رہی ہے۔ نیشنل اسٹیڈیم پاکستان کا خوش قست گراؤنڈ رہا ہے۔ پاکستان نے یہاں 40 ٹیسٹ کھیلے ہیں 21 جیتے اور 17میچ ڈرا رہے۔ انگلینڈ اورجنوبی افریقا کو اس گراؤنڈ پر کامیابی ملی۔ پاکستانی ٹیم انتظامیہ سری لنکا کے خلاف پہلے کرکٹ ٹیسٹ میں مثبت ذہن اورجارحانہ حکمت عملی کے ساتھ میدان میں اترنا چاہتی ہے۔ مشہور اسپنرز مرلی دھرن اورمینڈس کی موجودگی میں کوشش کی جارہی ہے کہ وکٹ فاسٹ بولنگ کے لئے سازگار ہو۔ جس پر پاکستان اپنے فاسٹ بولروں عمرگل، سہیل خان اور محمد طلحہ کے ساتھ اٹیک کرے جبکہ اسپن بولنگ آپشن میں دانش کنیریا اور شاہد خان آفریدی موجود ہیں۔ پیر کو مسلسل دوسرے دن پاکستانی کھلاڑیوں نے پاکستان اسٹیل کے قائداعظم پارک میں سخت ٹریننگ کی۔پاکستان ٹیم کے کیمپ میں کھلاڑیوں کی تعداد 17رہ گئی ہے۔ کیوں کہ شاہد آفریدی، عاصم کمال، سرفراز احمد اور سعید بن ناصر دو روزہ میچ کے لئے کیمپ سے ریلیز ہوگئے ہیں۔ پاکستان ٹیم کے ذرائع کے مطابق کپتان یونس خان ٹیسٹ سیریز میں جارحانہ حکمت عملی اختیار کرناچاہتے ہیں۔