گھمبیر سے مڈ بھیڑ، غلطی میری تھی، معذرت کرلی، شاہد آفریدی
پاکستانی آل راونڈر، شاہد خان آفریدی اور بھارتی بیٹسمین گوتم گھمبیر کے درمیان ہونے والے ناخوشگوار واقعے کے بعد شاہد آفریدی نے معذرت کرلی اور دونوں ٹیموں کے تعلقات معمول پر آگئے۔ شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ میری غلطی تھی جس پر میں نے گوتم سے معذرت کرلی۔ وہ جذباتی لمحہ وقتی تھا۔ اس وقت بھارتی بیٹسمین حاوی تھے اس لئے میں بولروں کی کارکردگی کی وجہ سے غصے میں تھا۔ اچانک گوتم گھمبیر میرے سامنے آگیا۔ مجھے سمجھ نہ آسکا اور میں الجھ پڑا، البتہ معاملہ ختم ہوگیا ہے۔ پاکستانی ٹیم کے میڈیا منیجر احسن ملک کا کہنا ہے کہ معاملہ افہام تفہیم سے طے ہوگیا ہے اور میچ ریفری روشن ماہناما نے کھلاڑیوں کو طلب کیا نہ کاروائی کی۔ دریں اثناء اتوار کی شب بھارتی ٹیم نے رابن اوتھاپا کی سالگرہ منائی۔ اس دوران پاکستان اور بھارت کے کھلاڑیوں کے درمیان ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی، کھلاڑیوں نے دوستانہ ماحول میں گفتگو کی۔ دوسری جانب بھارتی میڈیا نے شاہد آفریدی اور گوتم گھمبیر کے واقعے کو شہ سرخیوں میں جگہ دی۔ بعض اخبارات اور چینلز نے پاکستانی سپر اسٹار کو ولن بنا کر پیش کیا ہے اور ان کے بارے میں پول کرایا ہے۔ پاکستانی ٹیم کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اس قسم کے واقعات پاکستانی ٹیم کو بدنام کرنے کی مہم کا حصہ ہیں۔ اس لیے ٹیم منفی پروپیگنڈے سے مرعوب نہیں ہوگی۔
Comment