جوہانسبرگ میں آئی سی سی ورلڈ ٹوئنٹی ٹوئنٹی کے سپر ایٹ مرحلے میں پاکستان نے آسٹریلیا کو چھ وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔
کپتان شعیب ملک اور مصباح الحق کی 119 رنز کی ناقابل شکست پارٹنر شپ کی بدولت پاکستان نے دنیائے کرکٹ کی تقریبًا ناقابل شکست ٹیم کو زیر کر لیا۔
پاکستان کی اننگز کا آغاز حسب معمول اچھا نہیں تھا۔ پاکستان کے دونوں افتتاحی بلے باز عمران نذیر اور محمد حفیظ نے چوتھے ہی اوور میں میدان سے باہر جاتے نظر آئے۔ دونوں کھلاڑیوں کو کلارک نے آؤٹ کیا۔
سری لنکا کے خلاف نصف سنچری بنانے والے یونس خان اس میچ میں صرف چار رنز بنا کر کلارک کو ایک زوردار شاٹ لگانے کے چکر میں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ سلمان بٹ جانسن نے گیارہ رنز پر ایل بی ڈبلیو کر دیا۔
چھیالیس کے سکور پر پاکستان کے چار کھلاڑی آؤٹ ہو چکے تھے اور آسٹریلیوی بالرز میچ پر چھائے ہوئے تھے۔ ایسے میں کپتان شعیب ملک اور مڈل آرڈر بیٹسمین مصباح الحق نے ذمہ داری سے کھیلتے ہوئے مطلوبہ ہدف اس وقت حاصل کر لیا جب اننگز کی پانچ گیندیں ابھی باقی تھیں۔ دونوں کھلاڑیوں نے نصف سنچریاں بنائیں۔
اس سے قبل پاکستان کے کپتان شعیب ملک نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
آسٹریلیا کی جانب سے میتھیو ہیڈن اور ایڈم گلکرسٹ نے آسٹریلیا کی اننگز کا آغاز کیا تو دوسرے ہی اوور میں میتھیو ہیڈن سہیل تنویر کی گیند پر یونس خان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
شعیب ملک نے ایک بار پھر کیپٹن اننگز کھیلی
ہسی 37 کے انفرادی کے سکور پر سہیل تنویر کی گیند پر عمران نذیر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ کپتان رکی پونٹنگ 27 کے انفرادی سکور پر حفیظ کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ اینڈریو سائمنڈز کو انتیس کے انفرادی سکور پر آفریدی نے بولڈ کیا۔
پاکستان کی جانب سے سہیل تنویر نےتین جبکہ آفریدی، آصف اور حفیظ نے ایک ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔
گزشتہ روز سپر ایٹ مرحلے کے اپنے پہلے میچ میں پاکستان نے سری لنکا کے خلاف 33 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔
Comment