پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان شعیب ملک کا کہنا ہے کہ سکاٹ لینڈ میں بھارتی ٹیم کے خلاف میچ کو ان کی ٹیم ایک چیلنج سمجھ کر میدان میں اترے گی۔
پاکستان کی کرکٹ ٹیم بدھ کی صبح سکاٹ لینڈ روانہ ہو رہی ہے جہاں وہ یکم جولائی کو سکاٹ لینڈ اور تین جولائی کو بھارت کے خلاف ایک روزہ میچ کھیلے گی۔
پاکستانی ٹیم کے نوجوان کپتان شعیب ملک کا کہنا ہے کہ بھارت کےخلاف کپتانی کرتے ہوئے ان پر کوئی دباؤ نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وہ جیت کے جذبہ کے ساتھ میدان میں اتریں گے تاہم نتائج کیا ہوتے ہیں اس کے بارے میں وہ کچھ نہیں کہہ سکتے۔
شعیب ملک نے کہا کہ ایبٹ آباد کیمپ میں ٹیم نے سکاٹ لینڈ کے دورے کے لیے خوب تیاری کی ہے اور خاص طور پر اس کیمپ میں کھلاڑیوں کی فٹنس بہت بہتر ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کھلاڑی کا فٹنس لیول بہتر ہو تو اس کی کارکردگی بھی بہتر ہو جاتی ہے۔
شعیب ملک نے کہا کہ سکاٹ لینڈ میں گھاس والی وکٹوں کے سبب بیٹنگ کے متاثر ہونے پر وہ خوفزدہ نہیں کیونکہ وہ مثبت سوچ رکھتے ہیں اور انہیں یقین ہے کہ ایسی وکٹ پر بھی پاکستانی بیٹسمین اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔
شعیب ملک نے کہا کہ سکاٹ لینڈ کی ٹیم کو ہوم گراؤنڈ اور ہوم کراؤڈ کا فائدہ ہوگا اس لیے وہ اسے کمزور حریف نہیں سمجھتے اور اس کے خلاف بھی پوری تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔
Comment