پاکستان کے اعصام الحق قریشی برطانیہ کے لی چائلڈز کو شکست دے کر ومبلڈن گرینڈ سلام ٹورنامنٹ کے دوسرے راؤنڈ میں پہنچ گئے ہیں۔
اعصام نے پہلے راؤنڈ کا میچ چھ۔تین، چھ۔چار اور سات۔چھ سے جیتا۔
اعصام الحق پہلی بار اس گرینڈ سلام کے مردوں کے سنگلز ایونٹ میں حصہ لے رہے ہیں۔ وہ اس سے قبل دو مرتبہ ومبلڈن کے ڈبلز مقابلوں میں شریک ہو چکے ہیں۔
مین راؤنڈ تک رسائی کے لیے پاکستان کے نمبر ایک کھلاڑی اعصام نے کوالیفائنگ راؤنڈ میں کینیڈا کے فرینک ڈانسوک کو قریباً تین گھنٹے کے سخت مقابلے کے بعد شکست دی تھی۔
اعصام الحق نے اس سے قبل سنہ 2002 میں اسرائیلی کھلاڑی عامر حداد کے ہمراہ ومبلڈن ڈبلز مقابلوں میں حصہ لے چکے ہیں اور اس وقت انہیں ٹورنامنٹ کے تیسرے راؤنڈ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
اعصام ومبلڈن مینز سنگلز میں حصہ لینے والے تیسرے پاکستانی کھلاڑی ہیں اور
یہ گزشتہ اکتیس برس کے دوران پہلا موقع ہے کہ کوئی پاکستانی کھلاڑی ومبلڈن کے مینز سنگلز مقابلوں میں شریک ہو رہا ہے۔
اعصام سے قبل 1976 میں ہارون رحیم اور اس سے قبل سنہ 1954 سے 1956 تک لگاتار تین برس خواجہ سعید حئی نے ان مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی۔
Comment