بالی وڈ کے معروف اداکار سیف علی خان اور کرینہ کپور کی شادی تقریبات کا آغاز ہوگیا ہے جس میں فلمی صنعت کی بڑی بڑی ہستیاں شریک ہو رہی ہیں۔
اتوار کی شب دونوں کی شادی کی سنگیت تقریب کرینہ کپور کی باندرہ میں واقع رہائش گاہ پر ہوئی۔
سنگیت تقریب کی جو تصاویر منظر عام پر آئی ہیں انہیں دیکھ کر لگتا ہے کہ وہ فیشن، خوبصورتی اور فلمی ستاروں کا ایک میلہ تھا۔
سنگیت تقریب میں نیتو سنگھ، ببیتا، ملائیکہ اروڑہ خان، کرن جوہر اور تشار کپور جیسی فلم کی جانی مانی ہستیاں موجود تھیں۔
اطلاعات کے مطابق شادی منگل یعنی سولہ اکتوبر کو ہوگي اور اسے ذاتی معاملہ بتا کر میڈیا کی نظروں سے دور رکھا گيا ہے۔
شادی کی تیاریاں سیف کی بہن ادارکارہ صحیٰ علی اور صبا علی خان کر رہی ہیں اور دلی اور ممبئی دونوں جگہوں پر جشن کا اہتمام کیا گيا ہے۔
شادی کی تقریبات کا پہلا مرحلہ ممبئی میں ہوگا اور اس کے بعد دلی سے متصل سیف کے آبائی قصبہ پٹودی میں جشن ہوگا۔
سیف علی خان کے والد نواب منصور علی خان پٹودی کے نواب تھے جہاں ان کی ایک بڑی حویلی اب فائیو سٹار ہوٹل کے طور پر مشہور ہے۔
اطلاعات کے مطابق سیف علی خان کی ماں شرمیلا ٹیگور نے ولیمے کے لیے بھارتی صدر پرنب مکھرجی کو بھی دعوت بھیجی ہے۔
کرینہ کپور کے شادی کے ملبوسات منیش ملہوترا نے ڈیزائن کیے ہیں۔
سیف علی خان کی یہ دوسری شادی ہے۔ پہلے ان کی شادی اداکارہ امرتا سنگھ کے ساتھ ہوئی تھی جو چند برس پہلے ٹوٹ گئی تھی۔
امرتا سنگھ سے ان کی دو اولادیں، ایک بیٹی اور ایک بیٹا ہیں۔ سنگیت کی تقریب میں سیف کی بہن صحیٰ اور صبا کے ساتھ ساتھ ان کی بیٹی سارہ علی خان بھی موجود تھیں۔
Comment