پاکستان مسلم لیگ نواز کے سینیئر نائب صدر اور اہم رہنما مخدوم جاوید ہاشمی نے پاکستان تحریکِ انصاف میں شامل ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔
انہوں نے اس بات کا اعلان سنیچر کی صبح ملتان سے کراچی روانگی سے قبل ہوائی اڈے پر صحافیوں سے بات چیت کے دوران کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ انہیں نواز شریف سے نہیں بلکہ جماعت کی پالیسیوں سے اختلاف ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ ان کا انفرادی فیصلہ ہے اور ان کے ساتھ کوئی بھی ایم این اے تحریکِ انصاف میں شامل نہیں ہو رہا۔
اس سوال پر کہ انہیں پی ٹی آئی میں کیا عہدہ دیا جائے گا، جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ انہیں کبھی عہدوں کی خواہش نہیں رہی اور نہ ہی انہوں نے کبھی عہدوں کا مطالبہ کیا ہے۔
کراچی روانگی سے قبل مسلم لیگ نواز کے کارکنوں نے جاوید ہاشمی کو روکنے کی کوشش بھی کی تاہم وہ یہ کہتے ہوئے روانہ ہوگئے کہ کارکنوں کے لیے ان کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں۔
جاوید ہاشمی کی تحریکِ انصاف میں شمولیت کی خبریں گزشتہ روز سے گرم تھیں اور عمران خان نے بھی جمعہ کو کراچی میں صحافیوں سے بات چیت میں اس کا اشارہ دیا تھا۔
ہاشمی سے قبل بھی حالیہ دنوں میں تحریکِ انصاف میں کئی سیاستدانوں نے شمولیت اختیار کی ہے جن میں شام محمود قریشی، جہانگیر ترین اور خورشید محمود قصوری جیسے افراد شامل ہیں۔
Comment