یورپی کمیشن نے ایم پی تھری میوزک پلیئر استعمال کرنے والے افراد کی قوتِ سماعت کی حفاظت کے لیے ان میوزک پلیئرز کی آواز کی زیادہ سے زیادہ حد مقرر کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
کمیشن چاہتا ہے کہ آئی پوڈز سمیت یورپ میں فروخت ہونے والے تمام ایم پی تھری پلیئرز میں آواز کی زیادہ سے زیادہ حد ایک جیسی ہو۔
یہ مطالبہ اس رپورٹ کے بعد سامنے آیا ہے کہ جس میں کہا گیا ہے کہ طویل عرصے تک بلند آواز میں موسیقی سننے کی وجہ سے ایک کروڑ یورپی باشندے مستقل بہرے پن کا شکار ہو سکتے ہیں۔
بی بی سی ون کے پالیٹکس شو کے مطابق یورپی ماہرین ایم پی تھری پلیئر کی آواز کی زیادہ سے زیادہ حد پچاسی ڈیسی بل مقرر کرنا چاہتے ہیں۔ تاہم صارفین اگر چاہیں گے تو اس سیٹنگ کو تبدیل کرتے ہوئے آواز سو ڈیسی بل تک بڑھا سکیں گے۔
یورپی یونین کی سٹینڈرڈائزیشن کمیٹیاں دو ماہ تک ان تجاویز پر غور کریں گی اور حتمی معاہدہ آئندہ موسمِ بہار میں ہو گا۔
میرے پاس بہت سے ایسے بچے بھیجے جاتے ہیں جو باآوازِ بلند موسیقی سننے کی وجہ سے بہرے پن کا شکار ہوئے ہیں۔یہ نقصان دائمی ہے اور اکثر ان افراد کی نجی زندگی اور ملازمت کی تلاش میں مشکلات پیدا کرتا ہے۔
ڈاکٹر رابن
یورپی یونین ماہرین نے جن ایم پی تھری پلیئرز کا جائزہ لیا ہے ان میں سے کچھ کی آواز ایک سو بیس ڈیسی بل تک پہنچ جاتی ہے جو ایک جیٹ طیارے کے ٹیک آف کی آواز کے برابر ہے اور ان پلیئرز کے صارفین کو اس کے بارے میں خبردار بھی نہیں کیا گیا ہے۔
Comment