Announcement

Collapse
No announcement yet.

Unconfigured Ad Widget

Collapse

کیا کھویا کیا پایا !! ؟

Collapse
X
 
  • Filter
  • Time
  • Show
Clear All
new posts

  • کیا کھویا کیا پایا !! ؟


    کیا کھویا کیا پایا !!

    اللہ مالک الملک کا فرمان ہے :

    يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا اتَّقُوا اللَّـهَ وَلْتَنظُرْ نَفْسٌ مَّا قَدَّمَتْ لِغَدٍ ۖ وَاتَّقُوا اللَّـهَ ۚ إِنَّ اللَّـهَ خَبِيرٌ بِمَا تَعْمَلُونَ ﴿١٨﴾

    اے ایمان والو! اللہ سے ڈرتے رہو اور ہر شخص دیکھ (بھال) لے کہ کل (قیامت) کے واسطے اس نے (اعمال کا) کیا (ذخیره) بھیجا ہے۔ اور (ہر وقت) اللہ سے ڈرتے رہو۔ اللہ تمہارے سب اعمال سے باخبر ہے (18) سورة الحشر


    سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :

    اس شخص کی ناک خاک آلود ہو جس کی زندگی میں رمضان آیا اور اس کی مغفرت ہونے سے پہلے گذر گیا

    جامع ترمذی:جلد دوم: کتاب الدعوات


    ہم میں سے ہر کوئی اپنے گریبان میں جھانکے اور دیکھے اُس نے اپنے لیے کیا ذخیرہ تیار کیا ہے

    اور کیا اُس نے نماز ،روزے ،زکوة ،صدقات اور نوافل سے اللہ کو راضی کر کے جنت کے حصول
    کو ممکن بنا لیا ہے ۔

    اور وہ بنیادی مقصد حاصل کر لیا ہے جس کے لیے روزے فرض کیے گئے ہیں

    يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا كُتِبَ عَلَيْكُمُ الصِّيَامُ كَمَا كُتِبَ عَلَى الَّذِينَ مِن قَبْلِكُمْ لَعَلَّكُمْ تَتَّقُونَ ﴿البقرة: ١٨٣﴾

    اے ایمان والو! تم پر روزے رکھنا فرض کیا گیا جس طرح تم سے پہلے لوگوں پر فرض کئے گئے تھے، تاکہ تم تقویٰ اختیار کرو (183)


    ہم نے تقوٰی اختیار کرتے ہوئے گناہوں کو چھوڑ دیا ہے یا صرف رمضان کے احترام میں
    گناہوں کو مؤخر کر دیا ہے ۔

    کیا ہماری حالت اُس عورت جیسی تو نہیں جس کا اللہ مالک الملک نے سورہ النحل میں
    ذکر فرما یا ہے :

    وَلَا تَكُونُوا كَالَّتِي نَقَضَتْ غَزْلَهَا مِن بَعْدِ قُوَّةٍ أَنكَاثًا تَتَّخِذُونَ أَيْمَانَكُمْ دَخَلًا بَيْنَكُمْ أَن تَكُونَ أُمَّةٌ هِيَ أَرْبَىٰ مِنْ أُمَّةٍ إِنَّمَا يَبْلُوكُمُ اللَّـهُ بِهِ وَلَيُبَيِّنَنَّ لَكُمْ يَوْمَ الْقِيَامَةِ مَا كُنتُمْ فِيهِ تَخْتَلِفُونَ ﴿النحل: ٩٢﴾

    اور اس عورت کی طرح نہ ہو جاؤ جس نے اپنا سوت مضبوط کاتنے کے بعد ٹکڑے ٹکڑے کرکے توڑ ڈالا، کہ تم اپنی قسموں کو آپس کے مکر کا باعث ٹھراؤ، اس لیے کہ ایک گروه دوسرے گروه سے بڑھا چڑھا ہوجائے۔ بات صرف یہی ہے کہ اس عہد سے اللہ تمہیں آزما رہا ہے۔ یقیناً اللہ تعالیٰ تمہارے لیے قیامت کے دن ہر اس چیز کو کھول کر بیان کر دے گا جس میں تم اختلاف کر رہے تھے (92)


    عبادات کی قبولیت کا معیار

    ہمیں کیسے پتہ چلے گا کہ ہماری عبادتیں قبول ہوئیں یا نہیں ،شیخ السلام ابن تیمیہ رحمہ اللہ نے عبادات

    کی قبولیت کا ایک معیار بتا یا ہے آئیے دیکھتے ہیں وہ معیار کیا ہے :


    شیخ الاسلام امام ابن تیمیہ فرماتے ہیں : ” اگر دیکھنا ہوکہ کسی کی رمضان المبارک کی عبادت قبول ہوئی ہے یا نہیں ؟ تو اس کے رمضان بعد والے اعمال دیکھو ، اگر رمضان بعد بھی نیک اعمال پر اس کی استقامت اسی طرح باقی ہے جیسے ماہ رمضان میں تھی تو سمجھ لو کہ اﷲ تعالیٰ نے اس کی رمضان میں کی جانے والی عبادتوں اور اطاعتوں کو قبول فرمالیا ، جس کی وجہ سے اسے ان اعمال کو تسلسل کے ساتھ باقی رکھنے کی توفیق عطا فرمائی ۔ اور جس کو دیکھو کہ رمضان کے بعد اس کے اعمال میں یک لخت فرق آگیا ہے ، وہ راہ ہدایت سے بھٹک کر پھر اسی راہ کا راہی ہوگیا جس پر کہ وہ ماہ رمضان المبارک سے پہلے گامزن تھا ، تو سمجھ لو کہ اس کا شمار بھی انہی لوگوں میں ہے ، جن کے متعلق رسول اﷲ صلى الله عليه وسلم نے ارشاد فرمایا : کم من صائم لیس لہ من صیامہ إلا الجوع والعطش وکم من قائم لیس لہ من قیامہ إلاالسہر(ابن ماجہ ، احمد ، دارمی )
    ”کتنے ہی ایسے روزہ دار ہیں جن کے نصیب میں سوائے بھوک اور پیاس کے کچھ نہیں ہے ، کتنے ہی ایسے رات میں قیام کرنے والے ہیں جن کے نصیب میں سوائے رات جاگنے کے کچھ نہیں“ (ابن ماجہ ، احمد ، دارمی )۔ ( مجموع الفتاوی )(بشکریہ مصباح کویت)
    علماء کہتے ہیں :
    اگر حج ،عمرہ ، رزوہ اور دیگر عبادات اللہ کی بارگاہ میں قبولیت کا درجہ پا لیں تو اُس کی نشانی یہ ہے کہ

    بندہ نیکی کے بعد نیکی کرتا چلا جاتا ہے


    کیا ہمارا حال ایسا ہی ہے
    یا کہ
    اس کے بر عکس ہے

    کیا رمضان کے بعد مساجد کو دیکھ کر ایسے نہیں لگتا کہ ہم صرف رمضان کے مسلمان ہیں

    قرآن پھر سے ریشمی غلافوں میں بند ہو جائے گا

    اللہ مالک الملک ہماری ٹوٹی پھوٹی عبادتیں قبول فرمائے

    اور ہمیں رمضان کے بعد بھی نیکی کی توفیق عطا فرمائے


    اور اللہ ہمیں اپنے دین پر استقامت نصیب فرمائے

    اللہ مالک الملک روئے زمین کے تمام مظلوم مسلمانوں کی مدد فرمائے

    اللہ مالک الملک ہماری غلطیوں اور کوتاہیوں کو معاف کرتے ہوئے ہمیں جنت الفردوس
    میں شافع محشر، ساقی کوثر محمد عربی ( میرے ماں باپ قربان ہوں آپ پر )
    صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ساتھ نصیب فرمائے

    آمین یا رب العالمین
Working...
X