ہوا کی دُھن پر بن کی ڈالی ڈالی گائے
کوئل کُوکے جنگل کی ھریالی گائے
رُت وہ ہے جب کونپل کی خوشبو سُر مانگے
پُروا کے ہمراہ عُمریا بالی گائے
مورنی بن کر پرواسنگ ہیں جب بھی ناچوں
پُروا بھی بن میں ہوکر متوالی گائے
رات گئے میں بندیا کھوجنے جب بھی نِکلوں
کنگن کھنکے اور کانوں کی بالی گائے
رنگ منایا جائے ، خوشبو کھیلی جائے
پُھول ہنسیں، پتّے ناچیں اور مالی گائے
میرے بدن کا رواں رواں رس میں بھیگے
رات نشے میں اور ہوا بھوپالی گائے
سجے ہُوئے ہیں پلکوں پر خوشرنگ دیئے سے
آنکھ ستاروں کی چھاؤں دیوالی گائے
ہَوا کے سنگ چلے رہ رہ کے لے بنسی کی
جیسے دریا پار کوئی بھٹیالی گائے
ساجن کا اصرار کہ ہم تو گیت سُنیں گے
گوری چُپ ہے لیکن مُکھ کی لالی گائے
منہ سے نہ بولے ، نین مگر مُسکاتے جائیں
اُجلی دھوپ نہ بولے ، رینا کالی گائے
دھانی بانکیں جب بھی سہاگن کو پہنائے
شوخ سُروں میں کیا کیا چوڑی والی گائے
محنت کی سُندرتا کھیتوں میں پھیلی ہے
نرم ہَوا کی دُھن پر دھان کی بالی گائے
پروین شاکر