ہاشم آملہ تیز ترین 3 ہزار رنز مکمل کرنے والے پہلے کھلاڑی
ساؤتھمٹن… شہرہ آفاق بلے باز ہاشم آملہ ایک روزہ کرکٹ میں تیز ترین 3 ہزار رنز مکمل کرنے والے نہ صرف جنوبی افریقہ کے بلکہ دنیا کے پہلے کھلاڑی بن گئے۔ انہوں نے یہ سنگ میل انگلینڈ کے خلاف سیریز کے دوسرے ایک روزہ میچ میں 150 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر عبور کیا۔ انگلینڈ کے خلاف کھیلے گئے سیریز کے دوسرے ایک روزہ میچ میں ہاشم آملہ نے انتہائی شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 150 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر ٹیم کا سکور 287 تک پہنچا دیا، وہ 150 رنز بنانے کے بعد سٹیون فن کی گیند پر بریسنن کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے کیریئر کی 10 ویں سنچری داغ دی اور اس کے ساتھ ہی تین ہزار رنز بھی مکمل کئے۔ وہ ایک روزہ کرکٹ میں تیز ترین 3 ہزار رنز مکمل کرنے والے دنیا کے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ انہوں نے 59 میچوں کی 57 اننگز کھیل کر عالمی ریکارڈ قائم کیا۔ اس سے قبل یہ اعزاز ویسٹ انڈیز کے سر ویون رچرڈز کو حاصل تھا، انہوں نے 69 اننگز میں تین ہزار رنز مکمل کئے تھے۔یاد رہے کہ ہاشم آملہ کو ایک روزہ کرکٹ میں تیز ترین دو ہزار رنز مکمل کرنے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔