دماغ کے کینسر کا سبب جینز دریافت
ایک تحقیق میں سائنسدانوں نے دو ایسے جینز دریافت کیے ہیں جو دماغ میں سب سے تیزی سے پھیلنے والے سرطان یا کینسر کا سبب بنتے ہیں۔
یہ تحقیق کولمبیا یونیورسٹی کے سائنسدانوں نے کی ہے اور اسے جریدے نیچر نے شائع کیا ہے جس میں دونوں جینز کی نشاندہی کی گئی ہے۔
گلیوبلاسٹوما برق رفتاری سے مختلف شکلیں تبدیل کرتے ہوئے ایک نارمل دماغ میں داخل ہو کر ناقابل علاج برین ٹیومر بنا دیتے ہیں۔ لیکن سائنسدان ابھی اس بات پر حیران ہیں کہ یہ جینز ایسا کیوں کرتے ہیں۔
سائنسدانوں کے مطابق جینز کے دریافت کے بعد کینسر کے علاج کا طریقہ دریافت کرنے میں مدد ملے گی۔ ان جینز کو سی ای پی پی اور سٹاٹ تھری کا نام دیا گیا ہے جو گلیوبلاسٹوما کے ساٹھ فیصد مریضوں میں پائے جاتے ہیں۔ تحقیق سے پتہ چلا کہ یہ ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کام کرتے ہوئے دوسرے متعدد جینز میں تبدیل ہو جاتے ہیں اور برین سیلز کو ٹیومر پیدا کر دیتے ہیں۔
تحقیق میں شامل ایسے مریض جن میں یہ جینز فعال تھے ان کی موت ایک سو چالیس ہفتوں کے اندر ہو گئی تھی جب کہ ایسے مریضوں کی نصف تعداد جن میں یہ جینز فعال نہیں تھے وہ زیادہ عرصے تک زندہ رہے۔
کولمبیا یونیورسٹی کی ٹیم اب ایک ایسی دوائی بنانے میں مصروف ہے جس کی مدد سے امید ہے کہ مطلوبہ نتائج حاصل کیے جا سکیں گے۔