ٹی وی سیٹس میں مفت ٹیلی فون اور ویڈیو کالنگ کی سہولت فراہم کرنیکا اعلان
لاس ویگاس : امریکہ کی ویب کمیونیکیشن کمپنی سکائپ نے جاپان کی پینا سونک اور جنوبی کوریا کی ایل جی کمپنی کے تیار کردہ ٹی وی سیٹوں میں مفت ٹیلی فون اور ویڈیو کالنگ جیسی جدید ترین سہولیات فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ سکائپ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق اس سہولت کے حامل ٹی وی سیٹ رواں سال کے وسط تک متعارف کرادیئے جائیں گے اور اس سے لوگوں کو ٹی وی دیکھنے کے دوران فون سننے کیلئے کہیں جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ بیان کے مطابق پینا سونک اور ایل جی اس مقصد کیلئے اپنے ٹی وی سیٹس میں خصوصی ویب کیمرے اور مائیکروفون نصب کریں گی۔ سکائپ کے مطابق اس سہولت کے حامل ٹی وی سیٹس سے موبائل اور لینڈ لائن پر بھی مفت کال کی جاسکے گی۔