امریکی جہاز سرحد پر
اتوار کی رات جنوبی وزیرستان کے سرحدی علاقے انگور اڈہ کے قریب افغانستان کے علاقے میں امریکی گن شپ ہیلی کاپٹروں اور جہازوں کی آمد سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ مقامی لوگوں کے مطابق امریکی گن شپ ہیلی کاپٹروں اور جہازوں کے اترنے کے بعد قریبی پہاڑی سلسلوں میں موجود پاکستانی فوج کے ٹھکانوں سے بگل بجائے گئے اور زوبہ، صدیق نارائی اور پش خینہ سے شدید فائرنگ بھی شروع ہوئی۔ مقامی انتظامیہ نےاس واقعہ کی تصدیق کی ہے لیکن اہلکاروں کا کہنا ہے کہ امریکی جہاز پاکستان کے علاقے میں داخل نہیں ہوئے ہیں اس لیے اس پر کسی تبصرے کی ضروت نہیں ہے۔
یہ تازہ ترین واقعہ ان خبروں کے بعد ہوا ہے جن کے مطابق صدر بش نے پاکستانی حکومت کی اجازت کے بغیر پاکستانی سرزمین پر حملوں کی منظوری دے دی ہے۔ اسی حوالے سے فوج کے سربراہ جنرل اشفاق کیانی کا یہ بیان بھی سامنے آیا تھا کہ کسی بھی غیر ملکی فوج کو پاکستان کی حدود میں آپریشن کرنے کی اجازت نہیں ہے۔ پاکستان کے وزیراعظم نے اس بیان کو حکومتی پالیسی قرار دیا ہے۔